اسلام سچا اور پر ُ امن مذہب ہے، پاکستان امن کا پیامبر، رہنماؤں کا خطاب
نیویارک کے بروکلین گورمیٹ ریسٹورنٹ میں منعقدہ امن سیمینار میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی موجودگی میں اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا کہ اسلام ایک سچا اور پرُ امن مذہب ہے۔ مسلمان کبھی دہشت گرد نہیں ہوتے …. بلکہ وہ الہامی کتابوں کا مطالعہ کرنے اور ان پر عمل کرنیوالے ہیں۔ پاکستان بھی ایک پر ُ امن ملک ہے ….. جو ہمیشہ دنیا میں امن کا پیغام دیتا ہے۔ اس اہم تقریب کا اہتمام پاکستانی امریکن ریپبلکن پارٹی کی جانب سے کیا گیا، جس میں امریکی اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد، مختلف مذاہب کے رہنما اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام مذاہب کے نمائندوں نے اپنے عقائد کے مطابق دعائیہ کلمات پیش کئے۔ جس سے بین الاقوامی ہم آہنگی کا ماحول پیدا ہوا۔
تقریب میں ریپبلکن پارٹی …. نیویارک اسٹیٹ کے چیئرمین رچی بارز یمین، اسمبلی مین مائیکل نواکوو، اسمبلی مین ایلک بروک کرازنی، اسمبلی مین لیسٹر چینگ، نیویارک سینیٹر سٹیو چین اور امریکی ڈپٹی قونصل جنرل محمد عمر شیخ شامل تھے۔ انہوں نے اسلام اور پاکستان کے امن کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب محبت، اتحاد اور انسانیت کا بہترین مظہر ہے۔ اس تقریب میں شریک نمایاں شخصیات میں قیصر مصطفی بھٹہ (صدر پاکستانی امریکن ریپبلکن پارٹی)، جیمز سپرین (نائب صدر) میاں ظفر اقبال (جنرل سیکرٹری)، مشتاق احمد کمبوہ ( چیف
کوارڈنیٹر بین المذاہب امن کمیٹی پاک۔ امریکہ)، ولیم شہزاد (چیئرمین پاکستان کرسچین ایسوسی ایشن یو ایس اے)، چوہدری عاشق رسول (سماجی رہنما نیویارک)، ماجد حسن (سی او کامن گراؤنڈ) ، میڈم سویتلاناں، مسٹر ایری گن، مارکو کیپی، عبد العزیز بٹ، مرزا شیر بیک، را جہ ظفیر احمد، رؤف بیگ، ملک ارشاد احمد تھیم، مرزا ندیم بیگ اور دیگر شامل تھے۔ علامہ مشتاق احمد کمبوہ نے اپنے خطاب میں کہا ” اسلام امن اور محبت کا مذہب ہے….. جو دنیا میں بھائی چارے اور انسانیت کی تعلیم دیتا ہے۔ جو لوگ الہامی کتابوں کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں، وہ کبھی دہشت گردی کا راستہ اختیار نہیں کرتے۔ پاکستان بھی ایک پر ُ امن ملک ہے …. جو ہمیشہ امن کا پیامبر رہا ہے“۔ مشتاق احمد کمبوہ کے خطاب کے دوران شرکاء نے ”پاکستان زندہ باد“ او ر ”جیوے پاکستان“ کے نعروں کے ذریعے ان کے خیالات کی تائید کی۔ تقریب میں موجود مختلف مذاہب کے نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے علامہ مشتاق احمد کمبوہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”بابا جی نے اسلام اور پاکستان کا حقیقی اور پرُ امن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے“۔ ”یہ تقریب دنیا کو ایک مثبت پیغام دینے میں کامیاب رہی ہے کہ اسلام اور پاکستان محبت، اتحاد اور امن کے علمبردار ہیں۔ ”تقریب کے اختتام پر مختلف کمیونٹیز کے افراد نے دعائیہ کلمات میں دنیا میں امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ جس کے بعد ایک پرُ تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کے حقیقی اور روشن چہرے کو اجاگر کرنے کیساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوئی۔